حکمران مہنگائی پر جواب دیں ‘ پنجاب اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا گیا تو پرسوں عوامی اسمبلی لگائیں گے: اپوزیشن
لاہور (سپیشل رپورٹر + ایجنسیاں) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے فوری طور پر اسمبلی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اجلاس نہ بلایا گیا تو 7 اکتوبر کو اپوزیشن جماعتیں پنجاب اسمبلی کے احاطے میں عوامی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا‘ پی آئی اے‘ ریلوے سمیت 31 اہم اداروں کی نجکاری ملک سے غداری ہے‘ ہم قومی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دینگے‘ انتخابی مہم کے دوران جوش میں آ کر نعرے لگانے والے شریف برادران نے عوام کے ہوش ٹھکانے لگا دیئے ہیں‘ دو روپے کی روٹی نہ بیچنے پر نام بدلنے کی بات کرنیوالی شہباز شریف کی حکومت میں روٹی 6 اور نان 8 روپے کا ہو چکا ہے حکمران جواب دیں۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید‘ پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار شہاب الدین‘ خرم جہانگیر وٹو‘ ق لیگ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر وقاص موکل‘ جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر‘ تحر ےک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی صدےق خان ‘سعدےہ سہےل ‘رانا اختر حسےن ‘محمد عمر خان ‘شےخ امتےاز محمود نے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں کیا۔ اپوزیشن لیڈر میاںمحمود الرشید نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور پنجاب حکومت کے حالیہ دور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 735 روپے سے 795 روپے کا ہو چکا ہے اور حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے غریب کیلئے آٹا ایک خواب بنتا جا رہاہے۔ ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے اگر حکومت نے ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا تو پھر 7 اکتوبر کو پنجاب اسمبلی کے احاطے میں عوامی اسمبلی لگائیں گے جس میں اپوزیشن کے رکن کو سپیکر بنایا جائے اور ہم ن لیگ کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس اجلاس میں شریک ہو۔ پنجاب حکومت سے بار بار مطالبہ کیا ہے کہ اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹیاں نہ بنائی جائیں لیکن ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں ہوا اس لئے ہم آئندہ تین روز میں سپریم کورٹ سے رجوع کرینگے۔ پیپلز پارٹی کے سردار شہاب الدین اور خرم جہانگیر وٹو نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ وقاص موکل اور ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی اور بیروزگاری کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ این این آئی کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس کرانے پر سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اعلی عدلیہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا بلاجواز اضافہ بھی واپس لینے پر مجبور کرے۔