• news

مسئلہ کشمیر نہرو کا پیدا کردہ‘ خمیازہ بھارتی قوم بھگت رہی ہے: ارون جیٹلی

سرینگر(آن لائن)بھارتی ایوان بالا راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر راہنماءارون جیٹلی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر نہرو نے پیدا کیا اور سزا بھارتی عوام کو مل رہی ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کو کبھی بھی بھارت کا حصہ تسلیم نہیں کرے گا۔ من موہن سنگھ کمزور ترین وزیراعظم‘ پاکستان سے بات چیت شروع کرنے میں جلد بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ارون جیٹلی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے چھ دہائیاں قبل دفعہ 370 کو آئین میں رکھنے کی مخالفت کی تھی اور آج بھی اس کے مخالف ہیں۔ پاکستان کیساتھ موجودہ صورتحال میں بات چیت ملک کیلئے تشویشناک ہے۔ ایک طرف پاکستان کنٹرول لائن پر دراندازی اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور دوسری جانب یو پی اے حکومت پاکستان کو گلے لگارہی ہے۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ اگر بات چیت روک دی جاتی ہے تو پاکستان پر مزید دباﺅ بڑھ جاتا ہے اور جو ممالک پاکستان کیساتھ بات چیت کی وکالت کرتے ہیں وہ بھی پاکستان پر دباﺅ ڈالتے کہ دراندازی کو روک دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پاکستان کیساتھ جنگ کیخلاف ہے‘ بات چیت کیلئے فی الحال یہ وقت موزوں نہیں اس کیلئے پاکستان کو اپنی سرزمین بھارت مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن