• news

اورکزئی میں پولیٹیکل ایجنٹ ‘ مردان میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ ‘ ڈرائیور جاں بحق ‘ پشاور بم دھماکے میں 2 اہلکار زخمی

پشاور+ ہنگو (آن لائن+ نوائے وقت نیوز) لوئر اورکزئی ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، بال بال بچ گئے۔ مردان میں پولیس وین پر فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔ پشاور میں بھی بم دھماکے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لوئر اورکزئی ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ محمود اسلم گاڑی پر جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ سے ایک لیویز اہلکار زخمی جبکہ پولیٹیکل ایجنٹ بال بال بچ گئے۔ ادھر مردان کے علاقے طورو چوک پر گشت کرنے والی پولیس وین پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس وین کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔ دوسری جانب پشاور کے علاقے پشتخرہ میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے‘ دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ پشاور کے علاقے پشتخرہ میں تاج آباد تھانہ کے قریب ہوا جہاں سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔ جونہی پولیس کی موبائل وین وہاں سے گزری تو دھماکہ ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن