لگتا ہے چوری ہونیوالی گاڑیاں بھی جرائم پیشہ ہوگئی ہیں: چیف جسٹس
اسلام آباد (آن لائن) چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ پہلے جرائم پیشہ عناصر کا سنا تھا کہ ملک چھوڑ کر افغانستان چلے گئے ہیں۔ آج پولیس کہہ رہی ہے کہ چوری ہونیوالی گاڑیاں بھی افغانستان جارہی ہیں، لگتا ہے گاڑیاں بھی جرائم پیشہ ہوگئی ہیں‘ پولیس اس طرح کے بیانات دیکر اپنی جان چھڑا لیتی ہے اور کار تلاش کرنے کی بجائے نت نئے شوشے چھوڑ دیتی ہے۔ انہوں نے یہ ریمارکس جعلی چیک میں گرفتار ملزم شہباز کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران دئیے۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ اس دوران ملزم کے وکیل نے دلائل دئیے جن سے عدالت نے اتفاق نہیں کیا اور انکی درخواست خارج کردی۔