مصر: فوج کی مظاہرین پر فائرنگ‘ 5 افراد ہلاک‘ قافلے پر حملہ‘ 2 فوجی مارے گئے
قاہرہ (آن لائن + رائٹر) مصری دارالحکومت قاہرہ میں محمد مرسی کے حامی اسلام پسند مظاہرین پر فوج نے فائرنگ کر دی جس سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ راٹر نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ قاہرہ کے نواح سے نکالی جانے والی اس ریلی نے مرکزی شہر کی طرف مارچ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے فوجی سربراہ جنرل عبدالفاتح السیسی کے خلاف نعرے بازی کی اور محمد مرسی کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران مصری فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ فوج نے مظاہرین کی جانب فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 5 افراد اور متعدد زخمی ہوگئے۔ فوج نے مظاہرین کو التحریر سکوائر جانے سے روکنے کی کوشش کی۔ قاہرہ کے مشرق میں مسلح افراد نے ایک فوجی قافلے پر حملہ کردیا جس سے دو فوجی ہلاک ہوگئے۔ اسماعلیہ شہرکے قریب فوجی قافلہ ٹرکوں اور ٹینکوں پر مشتمل تھا۔ حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کردی جس سے دو فوجی ہلاک دو زخمی ہوگئے ۔