چیئرمین نیب کے لئے چودھری عبدالرﺅف کے نام پر اتفاق کا امکان ہے، ذرائع
چیئرمین نیب کے لئے چودھری عبدالرﺅف کے نام پر اتفاق کا امکان ہے، ذرائع
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے حتمی اور فیصلہ کن ملاقات آئندہ 48 گھنٹوں میں کسی بھی وقت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور چینل سے تمام رابطے اور صلاح مشورہ مکمل ہو چکا ہے۔ چیئرمین نیب کیلئے اس وقت دو سابق ججوں جسٹس(ر) میاں محمد اجمل، جسٹس(ر) چودھری اعجاز دو سابق بیورو کریٹس موجودہ وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرﺅف چودھری اور شوکت درانی کے نام زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیا چیئرمین نیب کوئی سابق جج نہیں سابق بیوروکریٹ ہوگا۔ اس ضمن میں کافی حد تک چودھری عبدالرﺅف پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ چودھری عبدالرﺅف نوازشریف جب وزیراعلیٰ پنجاب تھے اور اس کے بعد جب وہ دو بار وزیراعظم بنے ان کے سب سے قریب سمجھے جانے والے بیوروکریٹ تھے۔ چودھری عبدالرﺅف نے جو اپنی دیانتداری کی وجہ سے تمام حلقوں میں انتہائی اچھی شہرت کے حامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دور میں بھی وہ چیئرمین سی ڈی اے اور وفاقی سیکرٹری سٹیبلشمنٹ سمیت کئی اہم عہدوں پر ذمہ داریاں انجام دیں۔ ذرائع کے مطابق چودھری عبدالرﺅف کی اچھی شہرت کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی قیادت بھی ان پر متفق نظر آتی ہے۔
چیئرمین نیب