کراچی : انجن میں آگ لگنے سے پی آئی اے کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
کراچی : انجن میں آگ لگنے سے پی آئی اے کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
کراچی (آئی این پی) کراچی شہر کی فضائی حدود میں پی آئی اے کے دبئی جانیوالے مسافر طیارے میں دوران پرواز آگ لگ گئی جس کے بعد اسے واپس جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ کراچی ائرپورٹ سے قومی ائرلائن کی کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 213 کے ایک انجن میں شہر کی فضائی حدود کے اندر ہی آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین نے کہاہے کہ جہاز کو کورنگی کے علاقے پر سے پرواز کرتے دیکھا گیا اور اسکے ایک انجن میں آگ لگی ہوئی تھی۔ ذرائع نے کہا ہے کہ جہاز کے پائلٹ نے 10 بجکر 25 منٹ پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور جہاز میں ایک انجن میں آگ لگنے کی اطلاع دی۔ ترجمان سول ایوی ایشن نے بتایا کہ مسافر طیارہ قومی ائرلائن کا تھا اور اسے واپس ائرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا اور اس میں سوار تمام مسافر خیریت سے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے کے انجن نمبر ایک کو خرابی کے باعث آگ لگی۔ ماہرین کی ٹیم نے طیارے کی جانچ پڑتال شروع کردی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ترجمان پی آئی اے تاجور کے مطابق پرواز پی کے 213 دس بج کر دس منٹ پر دبئی کیلئے روانہ ہوئی تھی۔ آگ لگنے کی تحقیقات جاری ہیں۔ طیارے کو فلائی فار فٹ قرار دینے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ طیارے کے انجن میں ٹیک آف کے 5 منٹ بعد آگ لگی۔ طیارے نے ٹیک آف کے 15 منٹ بعد ہنگامی لینڈنگ کی۔ پرواز کو کیپٹن جواد اڑا رہے تھے، انہوں نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کی۔ وزارت دفاع ذرائع کے مطابق جہاز کو بحفاظت اتارنے والے پائلٹ کیپٹن جواد کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
پی آئی اے/ طیارہ