مہنگائی کوقابو نہ کیاگیا تو سڑکوں پر دمادم مست قلندر ہو گا: منور حسن
مہنگائی کوقابو نہ کیاگیا تو سڑکوں پر دمادم مست قلندر ہو گا: منور حسن
سرگودھا+لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے جوکشکول ہاتھ میں لے رکھا ہے وہ سابقہ ادوار کے کشکولوں سے بھی بڑا کشکول ہے۔ اپنے منشور میں آئی ایم ایف کا کشکول توڑنے کی باتین کرنے والے آج کشکول ہاتھ میں لیے جگہ جگہ گھوم رہی ہے۔ جی ایس ٹی میں اضافہ کے نتیجے میں مہنگائی کا نہ رکنے والا سیلاب ملک میں آچکا ہے۔ اگر مہنگائی کو قابو نہ کیا گیا تو پھر سڑکوں پر دمادم مست قلندر ہو گا اور اس سلسلے میں دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔ اے پی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے نتیجے میںدہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔ اے پی سی میں تمام سیاسی ودینی جماعتوں نے حکومت کو تمام اختیارات دئیے تھے لیکن یہ کوشش بھی سعی لاحاصل ہی لگتی ہے۔ عوام نے 11مئی کے انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ ن سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی تھیں جو ریت کی دیوار ثابت ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی ضلع سرگودھا ملک محمود حسین اعوان کی رہشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہرملک سے دوستانہ اور قریبی تعلقات کے قائل ہیں لیکن بھارت سے برابری کی سطح پر تعلقات کا قائم نہ ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر اور ہزاروں کشمیریوں کے خون سے غداری کرکے کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔ آئی ایم ایف کے تمام مطالبات ماننے کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کا ایسا نہ تھمنے والا طوفان آگیا ہے کہ عوام کے صبر کا پیمانہ 110دنوں میں ہی لبریز ہو چکا ہے جماعت اسلامی عوام کو مسائل میں گرفتار یوں تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ بہت جلد عوامی مسائل کے حل اور ظالم حکمرانوںکے ظلم کے خلاف سڑکوں پر ہو گی۔ خیبر پی کے کی حکومت سے وفاقی حکومت تعاون کرے تودہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر عام انتخابات میں اتحاد نہ ہونے کا نقصان جماعت اسلامی کو ہوا ہے تو نقصان دیگر جماعتوں کو بھی ہوا ہے۔ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو نتائج کے حصول تک جاری رہنا چاہئے۔ ایم کیو ایم کا آپریشن کے خلاف واویلہ چور مچائے شور کے مترادف ہے۔
منور حسن