بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات، خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں: اسحاق ڈار
بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات، خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی راگھوان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارت کیساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جلد جامع مذاکرات شروع ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی من موہن سنگھ سے ملاقات مفید رہی ہے۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان، بھارت تعلقات پر وزیراعظم نوازشریف کے نقطہ نظرکو بھارت میں اچھے طریقے سے سراہا جاتا ہے اوردونوں ممالک میں عوام کی ایک بڑی تعداد بہتر تعلقات کی خواہاں ہے۔ اگرچہ کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم وسیع پیمانے پر موجود ہے تاہم اس میں اضافے کیلئے بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ وزیرخزانہ کاکہنا تھاکہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت دونوں ملکوں کے درمیان جلد سے جلد جامع مذاکراتی عمل کی بحالی چاہتی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تمام معاملات پر پیشرفت حاصل کی جاسکے۔ دریں اثناءاٹلی کی حکومت نے بلوچستان کے زلزلہ زدگان کی مدد کےلئے 3 لاکھ یورو کا عطیہ دیا ہے۔ گذشتہ روز اٹلی کے سفیر پی او ڈی سیان فرانی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کی اور بلوچستان میں حالیہ زلزلہ کے باعث نقصانات پر اٹلی کی حکومت اور عوام کی طرف سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انہیں زلزلہ زدگان کےلئے 3 لاکھ یورو کا عطیہ دیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ اٹلی کی حکومت غربت کے خاتمہ کے پروگرام اور متاثرہ شہریوں کی امداد کیلئے 5.7 ارب روپے کی ریلیف فراہم کریگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتا ہے اور ساتھ مزید اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف میں پاکستان کی حمایت کرنے کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ اٹلی پاکستان کو جی ایس پی پلس درجہ دینے کےلئے یورپی یونین میں بھی حمایت کریگا۔
اسحاق ڈار