• news
  • image

دہشت گردی کا مذاکرات سے حل پہلی ترجیح ہے : امن کیلئے علما کی کوششوں میں تعاون کو تیار ہیں : نثار

دہشت گردی کا مذاکرات سے حل پہلی ترجیح ہے : امن کیلئے علما کی کوششوں میں تعاون کو تیار ہیں : نثار

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دہشت گردی کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہمیشہ اپنی پہلی ترجیح قرار دیا ہے۔ وزیر داخلہ کے پالیسی بیان میں کہا گیا ہے کہ خود وزیراعظم نے اس بات کا برملا اظہار کیا اور (اے پی سی) میں سیاسی اور عسکری قیادت نے بھی انکی اس پالیسی کی بھرپور تائید کی ہے۔ اسی پس منظر میں ہماری حکومت اس مسئلے کے جامع اور پائیدار حل کیلئے نامور علما کرام کی حالیہ کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ان جید علماءنے عوام کی امن کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ازخود پہل کی۔ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم انکی امن کی ان کوششوں کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں ہر سطح پر تعاون کرنے پر تیار ہیں۔ امن اور مذاکرات کے اس سلسلے کو مسلح افواج کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ میں یہ بات پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ ہماری بہادر افواج جس بھرپور جذبے سے عوام کے جان و مال اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہر لمحہ تیار رہتی ہیں۔ اتنے ہی خلوص سے یہ قومی مفاد میں حکومت کی جانب سے امن قائم کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیابی سے ہمکنار ہوتے دیکھنا چاہتی ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ علماءکی طرف سے امن کی راہ میں اٹھایا جانے والا یہ پہلا پرخلوص قدم جلدازجلد منزل مراد تک پہنچے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ تشدد کی کارروائیوں کو فوری بند ہونا چاہئے۔ وزیراعظم مسلسل اس مﺅقف کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ پائیدار اور مستقل امن کے قیام کے لئے طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ وہ ہر نوع کی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے کھلے دل و دماغ کے ساتھ مذاکرات کی پرزور حمایت کرتے رہے ہیں۔ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عوام سے اپنے پہلے خطاب میں بھی انہوں نے اسی جذبے کا اظہار کیا۔ ڈرون حملوں پر بھی حکومت کا مﺅقف دوٹوک اور واضح ہے۔ نوازشریف پہلے پاکستانی سربراہ حکومت ہیں جنہوں نے گذشتہ 9برس سے جاری ڈرون حملوں پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران پرزور آواز اٹھائی۔ حکومت واضح کر چکی ہے کہ ڈرون حملے نہ صرف پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور حاکمیت اعلیٰ کے خلاف ہیں بلکہ ان کے نتیجے میں ردعمل کی آگ مزید بھڑک رہی ہے ہم انشاءاللہ اس پالیسی کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور پاکستان کی سرزمین کو ڈرون حملوں جیسی اذیت سے نجات دلانے کیلئے ہر عمل کو بروئے کار لایا جائیگا۔
چودھری نثار

epaper

ای پیپر-دی نیشن