پاکستان ورلڈ سکس ایڈ سنوکرچمپیئن شپ کا ایونٹ جیت گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ورلڈ سکس ایڈ سنوکرچمپیئن شپ کا ایونٹ جیت گیا۔ محمد آصف اور محمد سجاد نے پاکستان کو عالمی چیمپیئن بنوا دیا۔ پاکستان نے ٹیم ایونٹ کے فائنل میں ایران کو شکست دی۔ فائنل میں پاکستان نے ایران کو 5-3 فریم سے شکست دی۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے ایونٹ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سنوکر کے فروغ کیلئے اقدامات کرے گی۔ ٹیم نے عالمی ٹائٹل جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ وطن واپسی پر ٹیم کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں میزبان آئرلینڈ جبکہ کوارٹر فائنل میں بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ فائنل میں ایرانی ٹیم سہیل واحدی اور امیر سرکوش پر مشتمل تھی۔ فائنل میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم پاکستان ایرانی ٹیم کو زیر کرنے میں کامیاب رہا۔