ملالہ مسلمانوں کی قابل احترام بیٹی ہے، مغرب کی سازشوں سے باہر نکل آئے: سمیع الحق
اکوڑہ خٹک (آئی این پی) جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ اسلام اور دینی جماعتیں خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم کی ہرگز مخالف نہیں‘ ملالہ یوسفزئی کو اسلام دشمن قوتوں اور مغرب نے اپنے مذموم عزائم اور مقاصد کے لئے ہائی جیک کیا، مسلم امہ کے زخموں پر مغربی اقوام اب ملالہ کی آڑ میں نمک پاشی کررہی ہیں۔ وہ پیر کو اپنی رہائش گاہ پر برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کررہے تھے۔ اس سوال کے جواب میں آپ ملالہ یوسف زئی کو کیا پیغام دینا چاہیں گے ‘ مولانا نے کہاکہ ہم ملالہ یوسفزئی کو مسلمان اور مسلمانوں کی قابل احترام بیٹی سمجھتے ہوئے اسے سمجھائیں گے کہ آپ اپنے اسلامی اور پٹھانو ںکی روایات کی سفیر بن کر مغربی اقوام کی سازشوں سے باہر نکل آئیں اور مزید ان کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ سوات میں پورے ملک سے زیادہ تعداد میں بچیاں پڑھ رہی ہیں‘ کسی ایک بچی کو بھی نشانہ نہیں بنایا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ افغانستان کے طالبان اپنے امیر ملا عمر کی قیادت میں آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جنہیں ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ ظالم کے ظلم اور کسی ملک پر جارحیت کے خلاف جنگ جہاد ہے‘ کسی غیر اسلامی مغربی ملک پر بھی کوئی قبضہ کرے تو اس قوم اور ملک کو حق ہے کہ آزادی کے لئے اٹھ کھڑا ہو اگر امریکہ یا یورپی ممالک میں کوئی ایک دوسرے پر قبضہ کرلے تو ان کی بھی حمایت کریںگے‘ مولانا سمیع الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ افغانی یا پاکستانی طالبان سے معاملات کا واحد حل مذاکرات ہیں‘ امریکہ یا پاکستان فوجی طاقت مزید سوسال بھی استعمال کرے تو مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ کو سر پر اٹھانے والی مغربی اقوام کو انتہائی تعلیم یافتہ پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ پر مظالم نظر نہیں آتے۔