• news

پنجاب سٹیڈیم میں نمائشی دنگل، دو پہلوان انوکی کے سامنے لڑپڑے، ایک زخمی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ + سپورٹس رپورٹر + این این آئی) لاہور میں فن پہلوانی کے فروغ کے لئے پنجاب حکومت اور جاپان حکومت کے درمیان معاہدہ کی تقریب کے موقع پر نمائشی دنگل کے دوران پہلوان آپس میں جھگڑ پڑے جس کے باعث پنجاب سٹیڈیم میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، ڈی جی سپورٹس بورڈ اور پولیس کے اعلیٰ حکام خاموش بیٹھے رہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب سٹیڈیم لاہور میں نمائشی دنگل میچ جاری تھا کہ چوتھے جوڑ کے دوران طاری پہلوان اور عثمان پٹاں والا کے درمیان مقابلے برابر ہونے پر طاری پہلوان نے طیش میں آکر عثمان پٹاں والا پر حملہ کردیا جس سے عثمان کی ناک سے خون بہنے لگا، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جس کے بعد سجا ہوا دنگل میدان جنگ بن گیا جبکہ سٹیڈیم میں موجود دونوں پہلوانوں کے حامی بھی میدان میں آگئے اور ایک دوسرے پر حملہ آور ہوگئے۔ اس موقع پر وزیر کھیل رانا مشہود اور ڈی جی سپورٹس سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے لیکن کسی نے بھی سٹیڈیم میں آکر حالات کوکنٹرول کرنے کی کوشش نہ کی۔ بعد ازاں پولیس کے کچھ اہلکار اور منتظمین نے کوششوں کے بعد اس لڑائی پر قابو پالیا۔ دنگل کو دیکھنے کیلئے مہمان خصوصی انوکی پہلوان بھی موجود تھے۔ دنگل کے دوران محمد حسین المعروف انوکی پہلوان نے پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ جھارا پہلوان مرحوم کے بھتیجے ہارون عابد کی جاپان میں جدید ریسلنگ کے ساتھ ساتھ ٹریننگ کرانے کا اعلان کیا۔ ہارون عابد جھارا پہلوان کے چھوٹے بھائی عابد پہلوان کے بیٹے ہیں جو جاپان میں انوکی پہلوان کی ریسلنگ فاونڈیشن کے زیر اہتمام جدید ریسلنگ کی تربیت حاصل کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن