پنجاب حکومت کا کم وسیلہ خاندان کو براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ غربت، بیروزگاری میں کمی لانے ، معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے نجات دلانے کیلئے توانائی کے بحران کو جلد سے جلد حل کرنا ناگزیر ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ توانائی کے حصول کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب میں 10ہزار سے زائد ایکڑ رقبے پر قائداعظم سولر پارک بنا رہی ہے۔ سولر پارک میں سو میگاواٹ کا پاور پراجیکٹ 2014ءکے آغاز میں مکمل ہو جائے گا اور اس سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔اجلاس میں قائداعظم سولر پارک میں ایک سو میگاواٹ کا سولر پراجیکٹ لگانے کی منظوری دی گئی۔ انرجی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک میں سو میگاواٹ پاور پراجیکٹ کیلئے جگہ مختص کر لی گئی ہے اور اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔ 2014ءکے آغاز میں اس سولر پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ پارک میں انفراسٹرکچر کی فراہمی سمیت تمام ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے صوبے کے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو براہ راست ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبے کے انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ یہ فیصلہ شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ محروم معیشت طبقات کی فلاح و بہبود اور انہیں ریلیف فراہم کرنا حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔ غریب ترین افراد کو ریلیف دینے کے لئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم کی سربراہی میں سبسڈی پروگرام کو حتمی دینے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ علاوہازیں شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما ممتاز علی بھٹو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، سندھ میں پارٹی کے تنظیمی امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔