• news

2 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات: فیصل آباد‘ مسلم لیگ ن کی نشست پی ٹی آئی نے جیت لی ‘ ڈی جی خان میں لیگی امیدوار کامیاب

فیصل آباد+تونسہ شریف (نمائندہ خصوصی+ثناءنیوز) پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں کے انتخابات، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کر لی۔ فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کی نشست پر پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کی۔ پی پی 72 کے ضمنی انتخابات میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا اور تحریک انصاف کے خرم شہزاد نے 23620 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ ن کے خواجہ لیاقت علی کو 17606 ووٹ مل سکے۔ فیصل آباد میں تحریک انصاف کو پہلی فتح ملنے پر کارکنوں نے جشن منایا اور رقص کرتے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے۔ پی پی 72 کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم پی اے خواجہ محمد اسلام کی ڈگری جعلی قرار ہونے پر خالی ہوئی تھی۔ 125 پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل پُرامن طریقے سے مکمل ہوا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ لیاقت نے شکست تسلیم کر لی۔ فیصل آباد میں عام انتخابات اور پھر 22 اگست کے ضمنی انتخابات تک مسلم لیگ کو کلین سویپ فتح حاصل تھی مگر گھنٹہ گھر کے علاقوں پر مشتمل اس حلقے میں فتح حاصل کرکے تحریک انصاف نے مسلم لیگ کے قلعہ میں دراڑ ڈال دی ہے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما¶ں نے خرم شہزاد کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ڈی جی خان کے حلقہ پی پی 240 میں مسلم لیگ ن کی امیدوار شمعونہ عنبرین قیصرانی 46441 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئیں۔ حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ آزاد امیدوار خواجہ دا¶د سلیمانی نے 39 ہزار 371 ووٹ لئے۔ خواجہ دا¶د سلیمانی نے الیکشن کو دھاندلی قرار دیتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور الیکشن کمشن سے مبینہ دھاندلی کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلم لیگ(ن) 11مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں جیتی ہوئی صوبائی اسمبلی کی نشست ہار گئی۔یہ شکست مسلم لیگ (ن) کے لئے فیصل آباد میں پہلا اپ سیٹ ہے۔ پی پی 72 فیصل آباد شہر کے گھنٹہ گھر سے ملحقہ سٹی نشست ہے اس پر شہریوں کے ساتھ چھوٹے تاجروں نے بھی مہنگائی کے طوفان اور حکومتی پالیسیوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار کو جتوا دیا۔ فیصل آباد میں تحریک انصاف کی کسی بھی نشست پر پہلی کامیابی ہے اور مسلم لیگ(ن) کی بھی کسی بھی قومی و صوبائی اسمبلی کی نشست پر پہلی شکست ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ن کے خواجہ لیاقت نے اپنی شکست تسلیم کر لی۔ خواجہ لیاقت کے بھائی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ مسلم لیگ ن کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے الیکشن ہارے۔ پی پی 72 مردوں کیلئے 63 اور خواتین کے لئے 62پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ ڈی سی او فیصل آباد نجم احمد شاہ اور آر پی او جاوید اسلام نے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج /ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر چوہدری خلیق الزمان خصوصی طور پر پولنگ سٹیشنز کی مانیٹرنگ کرتے رہے۔ چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازار، کپڑے کی مارکیٹیں اور پی پی72 کے تمام چھوٹے بڑے بازار بند رہے۔ مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سمیت 13 امیدواروں نے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا۔پی پی 72 فیصل آباد کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تحریک انصاف کے خرم شہزاد کو 23620 ووٹ ملے۔ مسلم لیگ ن کے خواجہ لیاقت نے 17606 ووٹ لئے۔ ووٹنگ کا ٹرن آﺅٹ 30.83 فیصد رہا۔

ای پیپر-دی نیشن