ملالہ پر پھر حملہ کریں گے : تحریک طالبان‘ حکومت سے مذاکرات کے لئے 3 شرائط
میرانشاہ+ اسلام آباد (اے ایف پی+ اے پی اے) تحریک طالبان پاکستان نے ملالہ یوسف زئی کو دوبارہ نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے اور حکومت سے مذاکرات کیلئے 3شرائط عائد کر دی ہیں۔ تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم ملالہ کو دوبارہ مارنے کی کوشش کرینگے ملالہ بہادر لڑکی نہیں ہے، ہمیں جب بھی دوبارہ موقع ملا اس پر حملہ کرینگے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت سے مذاکرات کیلئے 3شرائط عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کیلئے ڈرون حملوں کی بندش، قبائلی علاقوں سے سکیورٹی فورسز کی واپسی اور طالبان قیدیوں کی رہائی ممکن بنائے‘ میڈیا مذاکرات کے حوالے سے افواہیں اڑا رہا ہے‘ حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے‘ اے پی سی کے بعد سے حکومت نے مذاکرات کیلئے طالبان سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ پیر کو نامعلوم مقام سے جاری بیان میں کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہاکہ طالبان کی جانب سے مذاکرات کا مقصد ملک میں شریعت نافذ کرنا ہے، حکومت سے مذاکرات کیلئے تین شرائط پر عمل درآمدگی ضروری ہے۔