قتل کے مقدمات میں وارنٹ گرفتاری، مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے سہیل شوکت نے عبوری ضمانت کرالی
لاہور(وقائع نگار خصوصی) قتل کے تین مقدمات میں عدم پیشی پر جاری کئے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری میں مسلم لیگی ایم این اے سہیل شوکت بٹ نے عبوری ضمانتیں کرالی ہیں۔ فاضل عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کو آئندہ پیشی یعنی 21 اکتوبر تک گرفتار نہ کیا جائے۔ قبل ازیں لاہور کی سیشن عدالت نے قتل کے مقدمے میں سہیل شوکت کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سہیل شوکت کے خلاف مشتاق نامی شہری اور اسکے ساتھی کے قتل کا مقدمہ تھانہ باٹا پور میں درج ہے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی نوٹسزکے باوجود ملزم سہیل شوکت عدالت میں پیش نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے عدالتی کاروائی آگے نہیں بڑھ رہی جس پر عدالت نے عدالتی طلبی کے نوٹسز کی تعمیل نہ کرنے پر رکن قومی اسمبلی سہیل شوکت کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔