• news

کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے سرپرستوں کے خلاف کارروائی ضروری ہے : ڈی جی رینجرز

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے سربراہان کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے۔ کارروائی کیلئے کسی جانب سے کوئی دباﺅ نہیں، کراچی میں جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جرائم کے گراف میں اتار چڑھاﺅ ہوتا رہے گا، بھتے کی شکایات میں بتدریج کمی آئے گی، رینجرز اور پولیس کے درمیان رابطے کی صورتحال بہت بہتر ہے، انٹیلی جنس ایجنسیوں سے ہمیں معلومات فراہم کی جا رہی ہے، آپریشن کے اگلے مرحلے میں تیزی آئیگی۔ انہوں نے کہا موبائل سمز کے حالات میں کچھ تکنیکی ایشوز ہیں، غیررجسٹرڈ سمز بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر قوانین نہ بنے تو آپریشن کامیاب نہیں ہو سکتا، دہشت گردی کے خلاف قوانین پر کام ہو رہا ہے، شہری دو تین ماہ کیلئے انٹرنیٹ کی مختلف سروسز استعمال نہ کریں تو حالات بہتر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا جس دن ہم دہشت گردوں کو سزائیں دلوا دیں تو حالات بہتر ہوں گے، آپریشن کے اگلے مرحلے میں مزید تیزی ہو گی اور اگلے مرحلے میں عدلیہ کی مدد کی بڑی ضرورت ہو گی۔ شہریوں کو چاہئے کہ جرائم کی رپورٹ کریں لوگ آج بھی گواہی کیلئے عدالتوں میں نہیں آتے۔

ای پیپر-دی نیشن