سپریم کورٹ : سزائے موت ختم کرنے کیلئے درخواست کی فوری سماعت کیلئے رٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سزائے موت کا قانون ختم کرنے کے لئے دائر درخواست کی فوری سماعت کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار بیرسٹر ظفر اللہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ دنیا بھر کے کئی ممالک میں سزائے موت ختم ہو چکی ہے جبکہ ملکی قوانین کے تحت دیت اور قصاص موجود ہے جس سے قتل کرنے والے مجرم کو معافی مل سکتی ہے اگر سزائے موت کا قانون ختم کر دیا جائے تو ملک میں جرائم کی شرح میں کمی ہو جائے گی۔ اس وقت سزائے موت کے قیدی جو جیلوں میں موجود ہیں ان میں سے اکثریت عمر قید پوری کر چکی ہے۔ ایک ہی جرم میں قانون کے مطابق ملزم کو دو سزائیں نہیں دی جا سکتیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ دائر رٹ کی سماعت کی جائے عدالت ایسے مجرم جو دیت اور قصاص کی ادائیگی نہیں کر سکتے حکومت کو ان کی دیت ادا کروا کے ان کی رہائی کے احکامات جاری کرے۔