• news

بینظیر قتل کیس:22 اکتوبر سے ازسرنو ٹرائل ہو گا‘ مشرف کا نام خارج کرنے کی درخواست مسترد

راولپنڈی (ثناءنیوز + اے پی پی + نوائے وقت نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس سے سابق صدر پرویز مشرف کا نام خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ اختر شاہ کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کا نام خارج کرنے سے متعلق دائر درخواست پر فریقین نے دلائل دیئے۔ عدالت نے درخواست گذار کی جانب سے فریق اور گواہ بننے کیلئے دی گئی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گذار کی سیاسی وابستگی ظاہر ہوتی ہے اسلئے اسے کیس میں فریق یا گواہ نہیں بنایا جاسکتا۔ دوسری جانب عدالت نے 22 اکتوبر سے کیس کے ازسرنو ٹرائل شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی کے چار ڈاکٹر دوبارہ گواہی کیلئے طلب کرلئے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ بے نظیر قتل کیس میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔ کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری حبیب الرحمن کے سامنے مشرف کے آرٹیکل 248، 249 کے تحت حاصل استثنیٰ تسلیم کرنے کی درخواست سوشل جسٹس پارٹی کی جانب سے دائر کی گئی۔ تھی۔

ای پیپر-دی نیشن