جلیل عباس جیلانی کو امریکہ میں سفیر اور عبدالباسط کو سیکرٹری خارجہ بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (قدسیہ اخلاق/ دی نیشن رپورٹ) چار ماہ کے بعد حکومت نے بالآخر خارجہ سیکرٹری جلیل عباس جیلانی کو امریکہ کا سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے قریبی مشیروں سے طویل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ اس مشاورت کا ایجنڈا وزیراعظم کا آئندہ دورئہ امریکہ تھا جس پر تفصیلی بات کی گئی۔ وزیراعظم نے جرمنی میں پاکستانی سفیر عبدالباسط کو بھی واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہیں جلیل عباس جیلانی کی جگہ خارجہ سیکرٹری بنایا جائیگا۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نے اس فیصلے سے خود جلیل عباس جیلانی کو آگاہ کیا ہے۔ اندرونی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ جن سے انہوں نے مشاورت کی قریباً سبھی لوگوں نے انکے نام کی سفارش کی ہے۔ سفارتی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے سیاسی شخصیت کی بجائے کیریئر ڈپلومیٹ کی اس تقرری کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے قریبی حلقوں نے انہیں امریکہ جیسے ملک میں حساس مشن کیلئے سیاسی تقرری سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ پاکستان کو درپیش دوطرفہ علاقائی چیلنجز کے تناظر میں امریکہ سفارتی، سیاسی اور سٹرٹیجک اعتبار سے واشنگٹن پاکستان کیلئے بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم نواز شریف کے امریکہ کے اس ہائی پروفائل دورہ سے دو ہفتے قبل کیا گیا ہے۔ 23 اکتوبر کو وزیراعظم نواز شریف کی صدر اوباما سے ملاقات کے وقت جلیل عباس جیلانی بطور سیکرٹری خارجہ شریک ہونگے۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر کا عہدہ مئی 2011ء سے خالی ہے جب شیری رحمن نے استعفیٰ دیدیا تھا۔ اس وقت سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن اسد مجید معاملات چلا رہے ہیں۔ جلیل عباس جیلانی فارن سروس کے 3 سینئرافسروں میں شامل ہیں، باقی دو سفیر ضمیر اکرم اور ہارون شوکت ہیں۔ جلیل عباس جیلانی نے 1979ء میں فارن سروس جوائن کی، انہیں پی پی پی دور حکومت میں 2011ء میں سیکرٹری خارجہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے واشنگٹن، لندن،نئی دہلی،برسلز، جدہ اور آسٹریلیا میں اہم چیلنجنگ سفارتی اسائنمنٹس پر کام کیا۔ وہ ڈی جی سائوتھ ایشیا ڈویژن اور کچھ دیر ترجمان بھی رہے۔ حکومت نے ایک اور اہم سفارتی فیصلہ یہ کیا ہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری ابن عباس کو اس سال کے اواخرمیں سلمان بشیر کی مدت ملازمت پوری ہونے پر بھارت میں ہائی کمشنر بنایا جائیگا۔ ابن عباس نیوزی لینڈ میں ہائی کمشنر اور لاس اینجلس میں قونصل جنرل رہے ہیں۔ اسکے علاوہ ڈی جی سائوتھ ایشیا ڈویژن اور سارک ہیڈ کوارٹرز میں رہے ہیں۔ آن لائن کے مطابق وہ ایک سے ڈیڑھ ماہ بعد امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، اس حوالے سے جب جلیل عباس جیلانی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ انکو امریکہ میں بطور سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے انہیں سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔ وہ انتہائی اچھے ڈپلومیٹ کے طور پر مانے جاتے ہیں اور اس امر کا اظہار کیا جارہا ہے کہ امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی کے بعد پاکستان امریکہ تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔ وہ انتہائی اچھے طریقے سے پاکستان کا مؤقف پیش کر سکیں گے۔ وزیراعظم نے اہم سفارتی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔