فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں شکست، رپورٹ حمزہ شہباز کو مل گئی
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پبلک افیئر کمیٹی کے چیئرمین حمزہ شہباز کو فیصل آباد کے حلقہ پی پی 72فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ لیاقت کی شکست کی رپورٹ مل گئی۔ حمزہ شہباز نے حلقہ کی نگرانی کیلئے ارکان صوبائی اسمبلی ملک وحید، جعفر اقبال، یوسف کسیلیہ کی ڈیوٹی لگائی تھی۔ گذشتہ روز کمیٹی کے دو ممبران ملک وحید اور جعفر اقبال نے حمزہ شہبازشریف سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد سے مسلم لیگ (ن) کے ممبران اسمبلی میاں عبدالمنان ان کے صاحبزادے اور اکرم انصاری کے سوا کسی اور ممبر قومی یا صوبائی اسمبلی نے خواجہ لیاقت کی انتخابی مہم میں کردار ادا نہیں کیا۔ خواجہ لیاقت کے بھائی خواجہ اسلام نے بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور پارٹی کے فیصل آباد سے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی میں بیشتر کے پاس نہیں گئے کہ ان کے بھائی اور پاٹری امیدوار کی کامیابی کیلئے کام کریں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور 50سے زائد اشیاء پر سیلز ٹیکس میں 2فیصد اضافے کا تاجر برادری میں شدید ردعمل پایا گیا اور مسلم لیگ (ن) کے ان حامی تاجروں نے ووٹ ڈالنے سے اجتناب کیا۔ کمیٹی کے ممبران نے مسلم لیگ (ن) کے ووٹروں اور سپورٹروں کے گھر بیٹھ جانے کو مہنگائی کیخلاف ردعمل قرار دیا۔ حمزہ شہباز نے فیصل آباد میں پارٹی اختلافات کا نوٹس لیتے ہوئے پارٹی عہدیداران، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈروں کا مشترکہ اجلاس بلانے کی ہدایت کر دی ہے۔ امکان ہے کہ اجلاس عیدالحضیٰ سے پہلے ہو گا۔