متحدہ نے نادرا سے ووٹوں کی تصدیق ہائی کورٹ میں چیلنج کردی
کراچی (وقائع نگار) متحدہ قومی موومنٹ نے نادرا سے ووٹروں کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرنے والے نظام کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی اور پی ایس 128 سے رکن صوبائی اسمبلی وقار حسین شاہ کی جانب سے ایڈووکیٹ ابرار حسن نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ انگوٹھوں کی تصدیق کے لئے نادرا کا نظام ووٹروں کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نہیں کر پا رہا لیکن اس کے باوجود اسی نظام پر اکتفا کیا جا رہا ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے اور الیکشن ٹریبونل میں نادرا کی رپورٹ کی بنیاد پر متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف پروپگینڈہ شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 سے ایم کیو ایم کے اقبال محمد خان کامیاب ہوئے تھے جس پر تحریک انصاف کے امیدوار زبیر خان کی جانب سے الیکشن ٹربیونل سے ووٹوں کی دوبارہ تصدیق کی درخواست کی گئی تھی۔ ووٹوں کی تصدیق کے بعد نادرا نے 77 ہزار سے زائد ووٹ ناقابل تصدیق قرار دیئے تھے۔