کامران شفیع کو برطانیہ میں ہائی کمشنر بنانے کا فیصلہ ‘اقوام متحدہ میں سفارت کیلئے ملیحہ لودھی اور تہمینہ جنجوعہ مضبوط امیدوار
اسلام آباد (قدسیہ اخلاق / دی نیشن رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لندن میں ہائی کمشنر کی تعیناتی کے لئے سیاسی شخصیت کا انتخاب کیا ہے۔ اس کے لئے کامران شفیع کو منتخب کیا گیا ہے۔ برطانیہ میں آئندہ بننے والے ہائی کمشنر کالم نگار اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دیرینہ دوست ہیں۔ وہ واجد شمس الحسن کی جگہ لیں گے جن کی تقرری بھی سیاسی طور پر تھی۔سفارتی ذرائع کے مطابق کامران شفیع کا ایگریمنٹ جمعرات کو بھیج دیا گیا ہے۔ 1999ء میں بینظیر بھٹو نے اپنے دور میں انہیں پریس قونصلر مقرر کیا تھا۔ کامران شفیع اپنے کالموں میں طالبان پر کڑی تنقید کرتے ہیں۔ مبصرین کی رائے میں یہ ایک خالصتاً سیاسی تقرری ہے، انہیں نسبتاً کم سفارتی مہارت حاصل ہے۔ لندن کسی بھی حکمران جماعت کے لئے محض سفارتی، دفاع اور کمرشل وجوہات کی بنا پر اہم نہیں بلکہ دو اہم اپوزیشن جماعتوں کی وہاں پر ایک ٹھوس حمایت موجود ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا میں اہم نوعیت کی حمایت حاصل ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین بھی لندن میں ہیں۔ اس لئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے لئے نئے ہائی کمشنر سیاسی شیلڈ ثابت ہوں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کامران شفیع کے شریف فیملی سے اسی طرح اچھے تعلقات ہیں جیسے ان کے پیشرو واجد شمس الحسن کے بھٹو خاندان سے قریبی تعلقات ہیں۔ لندن پاکستان کے جلاوطن رہنماؤں کے لئے بھی ایک فیورٹ پناہ گاہ ہے۔ ان میں بینظیر بھٹو، نوازشریف، پرویز مشرف اور الطاف حسین شامل ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے مشن میں مستقل مندوب کا عہدہ بھی تقرری کا منتظر ہے۔ اس وقت اس عہدے پر مسعود خان ہے اور حکومت نے انہیں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ علم نہیں کہ وہاں سیاسی تقرری ہو گی یا کوئی کیریئر ڈپلومیٹ۔ دفتر خارجہ کی جانب سے مضبوط امیدوار اٹلی میں سفیر تہمینہ جنجوعہ ہیں، وہ ترجمان دفتر خارجہ بھی رہی ہیں۔ گذشتہ دنوں وہ روم سے آئیں اور ان کا وزیراعظم نوازشریف سے تعارف کرایا گیا۔ وہ مختلف النوع ڈپلومیسی کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں انہیں اقوام متحدہ کے مشن اور جنیوا میں بھی تعینات کیا گیا تھا۔ امریکہ میں دو بار سفیر اور برطانیہ میں ہائی کمشنر رہنے والی ڈاکٹر ملیحہ لودھی بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔ اس بارے میں جب پوچھا گیا کہ آیا ملیحہ لودھی اقوام متحدہ کی اہم سیٹ کے لئے امیدوار ہیں تو وزیراعظم کے قریبی ذریعے نے بتایا کہ یہ ممکنہ طور پر کوئی ٹیلنٹڈ شخصیت ہو سکتی ہے۔ پیشہ وارانہ لحاظ سے تہمینہ جنجوعہ اور ملیحہ لودھی دونوں ہی مضبوط امیدوار ہیں۔