پاکستان نے جہادیوں کے ذریعے بھارت کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے۔ بھارتی آرمی چیف کی ہرزہ سرائی
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھرالزام عائد کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر ہونے والے واقعات میں پاکستانی فوج اور خفیہ ادارے ملوث ہیں۔ جہادیوں کے ذریعے بھارت مخالف خفیہ جنگ شروع کی گئی ہے۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بکرم سنگھ نے کہا کہ ہمارے پاس بے شمار اطلاعات اور شواہد موجود ہیں کہ پاکستان میں موجود دہشت گردی کے 42 تربیتی مراکز کو پاکستانی فوج کا تعاون اور مدد حاصل ہے اور رواں سال لائن آف کنٹرول پر ہونے والی سیز فائر خلاف ورزیوں اور دراندازی واقعات پاکستانی فوج کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔بکرم سنگھ نے کہا کہ کافی عرصے سے جموں وکشمیر میں قیام امن اور حالات کو معمول پر لانے کے لئے بات چیت ہوتی رہی ہے لیکن پاک فوج کی جانب سے ہونے والے چند اقدامات کی وجہ سے وادی کی فضاء پھر خراب ہو جاتی ہے ۔ایک سوال پر آرمی چیف نے کہا کہ ہم ابھی دیکھ اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن ہیں کہ آئندہ سال کے بعد افغانستان کی کیا صورت حال ہوتی ہے اور اس حوالے سے انتہائی چوکس ہیں کہ افغانستان سے اتحادی فوج کا انخلاء ہمارے لئے نقصان دہ ثابت نہ ہو سکے۔