• news

سچن ٹنڈ ولکر کا 200 ویں ٹیسٹ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

دہلی (سپورٹس ڈیسک )دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک بھارت کے سچن ٹنڈ ولکر نے اپنے 200 ویں ٹیسٹ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔سچن ٹنڈ ولکر اپنا 200 واں ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف نومبر میں ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلیں گے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹنڈ ولکر نے بی سی سی آئی کے صدر سے رابطہ کر کے انہیں اس فیصلے سے آگاہ کیا۔سچن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’میں نے اپنی ساری زندگی بھارت کے لیے کرکٹ کھیلنے کا خواب دیکھا تھا اور گذشتہ 24 برس سے روزانہ یہ خواب پورا ہو رہا ہے۔ میرے لیے اس کھیل کے سوا زندگی کا خیال بہت مشکل ہے کیونکہ 11 برس کی عمر سے میں نے بس یہی کیا ہے۔ دنیا بھر میں کھیلنا اور بھارت کی نمائندگی کرنا ہمیشہ ان کے لیے باعثِ اعزاز رہا ہے اور ’اب جب کہ میں اس کھیل کو خیرباد کہہ رہا ہوں تو میں اپنی سرزمین پر 200 واں ٹیسٹ کھیلنے کی راہ دیکھ رہا ہوں۔ٹنڈ ولکر نے ایک روزہ کرکٹ میں 18426 جبکہ ٹیسٹ میں 15837 رنز بنائے ہیں اور وہ دونوں طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔اس دوران انہوں نے دونوں طرز کی کرکٹ میں ملا کر 100 سنچریاں بھی سکور کی ہیں جن میں سے 51 ٹیسٹ میچوں اور 49 ایک روزہ میچوں میں بنیں۔ٹنڈ ولکر نے کہا کہ وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مواقع فراہم کرنے اور وقت آنے پر کھیل کو الوداع کہنے کی اجازت دینے پر شکر گزار ہیں اور ساتھ ہی ساتھ وہ اپنے خاندان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے انہیں سمجھا اور برداشت کیا۔بھارتی بلے باز نے اپنے مداحوں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی دعاؤں کی بدولت ہی انہیں بہترین کھیل پیش کرنے کی ہمت ملی۔ انہوں نے 23 سال تک بھارت کی نمائندگی کرنے کے بعد گذشتہ برس دسمبر میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ چند دن قبل ہی وہ ٹی20 سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ٹنڈ ولکر کیریئر میں 463 ایک روزہ میچ اور 198 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 18426 جبکہ ٹیسٹ میں 15837 رنز بنائے ہیں اور وہ دونوں طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔  

ای پیپر-دی نیشن