پنجاب میں بھی انگوٹھوں کی چیکنگ کرائی جائے تو دھاندلی ثابت ہو جائے گی: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر)ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ہماری پارٹی کے امیدوار جھرلو کے ذریعہ ہرائے گئے، اگر کراچی کی طرح پنجاب میں بھی انگوٹھوں کی نادرا سے شناخت کرائی جائے تو دھاندلی ثابت ہو جائے گی، ہم یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے، کراچی میں انگوٹھوں کی چیکنگ سے سامنے آنے والے حقائق انتخابی نتائج پر سوالیہ نشان ہیں۔ وہ یہاں مسلم لیگ ہائوس میں پارٹی کے ضلعی عہدیداروں کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے انارکلی لاہور میں ہونیوالے بم دھماکہ پر دلی افسوس اور متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صوبہ میں بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کروا رہا ہے تو حلقہ بندی بھی اسے ہی کرنی چاہئے، مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی من مرضی کی حلقہ بندی کیلئے یہ کام پٹواری سے کیوں کرا رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں بھی جون کی طرح کئی گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جو ’’مقناطیسی مینڈیٹ‘‘ والی حکومت کا کارنامہ ہے، خوشحال پاکستان اور خوشحال پنجاب کے نقشے دکھانے والوں نے اپنی ناقص کارکردگی سے ہر نقشہ دھندلا دیا ہے، یہ کیسے حکمران ہیں جو کسانوں سے تو سستی گندم خریدتے ہیں اور پھر اسے عوام کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے کہ یہ حکمران مکینکل تندوروں اور سستی روٹی کے نام پر عوام سے مذاق کر رہے ہیں، انہیں چاہئے کہ آٹا سستا کریں، عوامی مسائل کے حل کیلئے ان کی کوئی پلاننگ یا حکمت عملی نہیں ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے پارٹی کی وارڈ سے لے کر ضلعی سطح تک تنظیم کو مضبوط اور فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی قوانین پر ہمارے تحفظات ہیں اور ہم نے انہیں چیلنج بھی کیا ہے۔ پارٹی عہدیداروں نے اس موقع پر کہا کہ وہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی دانشمندانہ اور مخلص قیادت میں عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر لاہور پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویزالٰہی نے صوبائی اور ضلعی عہدیداروں میں نوٹیفکیشن کے لیٹر کئے۔ پنجاب کے عہدیداروں میں محمد بشارت راجہ سینئر نائب صدر، ناصر محمود گل ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، نائب صدور رانا زاہد توصیف، ملک اقبال احمد لنگڑیال، میاں محمد منیر، چودھری محمد ناصر چیمہ، میاں عبد الستار، میاں عمران مسعود، علی اسجد ملہی، ڈاکٹر محمد افضل، چودھری محمد عارف گوندل، سردار وقاص حسن موکل ایم پی اے، غیاث احمد میلہ، رانا آشر وسیم بابر، سیمل کامران سیکرٹری اطلاعات، صوبائی جوائنٹ سیکرٹریز (پنجاب) رحمان نصیر، عبد الرشید بوٹی، میاں اکرم، چودھری سرفراز رشید، مہر شوکت، مہر مقصود احمد چودھری، عابد اشرف جوتانہ، چودھری نعیم رضا، سہیل ظفر چیمہ اور خواجہ وقار شامل ہیں جبکہ ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریوں کو بھی نوٹیفکیشن دئیے گئے