آئی ایم ایف اور عالمی بنک کے اہم سالانہ اجلاس آج سے واشنگٹن میں شروع ہوں گے
واشنگٹن(آئی این پی)عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اہم سالانہ اجلاس آج جمعہ سے واشنگٹن میں شروع ہوں گے جن میں عالمی اقتصادی ومعاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاسوں میں شریک ممالک کے نمائندے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے حکام کو اقتصادی پروگرام سے آگاہ کریں گے۔ ان اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی اعلیٰ سطح کاوفد کرے گاجس کی سربراہی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکریں گے۔ اسحاق ڈار اعلی سطح کے وفد کے ساتھ واشنگٹن پہنچ چکے ہیں ۔عالمی بنک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان سمیت قرضہ لینے والے دیگر ممالک کی اقتصادی معاشی صورتحال کا جائزہ لے کرقرضے کی اگلی اقساط کے اجراء کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام آئی ایم ایف کو نئے قرضے کے لئے عائد کردہ شرائط پر عمل درآمد کے بارے میں بریفنگ دیں گے جس کی روشنی میں آئی ایم ایف پاکستان کو 6 ارب ڈالر کے نئے قرضے کی دوسری قسط کے اجراء کا فیصلہ کرے گا۔وزیرخزانہ امریکہ میں قیام کے دوران امریکی محکمہ خارجہ اور اوورسیز پرائیویٹ انویسٹمنٹ کارپوریشن سمیت دیگر اداروں کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وزیر خزانہ 13اکتوبر کو عالمی مالیاتی اداروں کے اجلاسوں سے فارغ ہو کر واشنگٹن سے لندن چلے جائیں گے اور عید لندن میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ منا کر عید کے بعد پاکستان واپس آئیں گے۔