• news

لاہور: متعدد وارداتیں‘ شہری لاکھوں کے مال سے محروم‘ بچیکی میں مزاحمت پر نوجوان قتل

لاہور + بچیکی(نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ فیکٹری ایریا میں اہل علاقہ نے دو ڈاکوئوں کو پکڑ کر دھنائی کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ شیخوپورہ میں مزاحمت کے دوران ڈاکوئوں نے فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوایک شہری پرویز سے15ہزارروپے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران پرویز کے شور مچانے پر محلے دار اکھٹے ہو گئے اور انہوں نے تعاقب کر کے دو ڈاکوئوں کو پکڑ لیا جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار ڈ اکوئوں کے نام زبیر اور اعجاز بتائے جاتے ہیں۔جو ہر ٹائون کے علاقہ اے ٹو میں چار ڈاکوؤں نے  مشتاق کے گھرگھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یر غمال بنا کر12 لاکھ،نشتر کالونی میں وزیر کے گھر گھس کر 7لاکھ، مزنگ میں مسرت بی بی سے 3لاکھ روپے ،  طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ۔ ڈاکوئوں نے ہنجر وال میں اشفاق سے 5لاکھ اور موبائل فون، نواب ٹائون میں اسامہ سے3لاکھ،لیپ ٹاپ اور موبائل فون ،گجر پورہ میں عدیل سے ڈھائی لاکھ  اور موبائل فون، چوہنگ میں عمران سے 2لاکھ اور موبائل فون، غالب مارکیٹ میں یونس سے 2لاکھ اور لیپ ٹاپ ،لیاقت آباد میں عمران سے 1لاکھ، گڑھی شاہو میں سلیم سے 95ہزار اور موبائل فون، وحدت کالونی میں علاؤالدین سے 85ہزارروپے ،ساندہ میں رحیم سے  68ہزار اورموبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس بی سے اسد، گلبرگ سے عمر، شادمان سے عدیل ،سبزہ زار سے حافظ ،اسلام پورہ سے نوید کی کاریں جبکہ ملت پارک میں خورشید، فیصل ٹاؤن سے رضوان، کوٹ لکھپت سے جنید، شفیق آباد سے زاہد، مصطفی ٹاؤن سے عبدالوحید، گارڈن ٹاؤن برکت مارکیٹ سے نوریز،شمالی چھاؤنی سے شکور کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ادھر بچیکی کے نواحی گائوں چینڈ پور شریف کا رہائشی محمد سلامت مو ٹر سائیکل پر سبزی لینے کے لئے 2 چک جا رہا تھا کہ 2 چک کے قریب نہر پر 3 ڈاکوئوں نے روک کر لو ٹنے کی کوشش کی محمد سلامت نے تیزی سے مو ٹر سائیکل بھگا دیا تو ڈاکوئوں نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا جس کی زد میں آ کر وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن