• news

3 خودکشیاں: شیخوپورہ میں غربت سے تنگ 6 بچوں کے باپ نے پھندا لے لیا

شیخوپورہ + گوجرانوالہ (نامہ نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) غربت، جھگڑوں سے تنگ 3 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے موضع لدھکے ملیاں میں بیروزگاری، غربت، تنگدستی سے تنگ آ کر امانت علی نے گلے میں پھندا ڈال کر زندگی ختم کر لی، پولیس ذرائع کے مطابق امانت علی کے 6 بچے تھے، متوفی کافی عرصہ سے بیروز گار تھا۔ گذشتہ روز اس کے بچوں نے گھر میں روٹی نہ ہونے پر بھوک سے رونا شروع کر دیا۔ یہ منظر امانت علی برداشت نہ کر سکا اور اس نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ گوجرانوالہ میں نشئی نوجوان نے لت پوری کرنے کیلئے پیسے نہ ملنے پر گلے میں پھندا لے لیا۔ اجمل ٹائون کا رہائشی 23 سالہ عثمان نے نشے کی لت پوری کرنے کیلئے اپنی والدہ سے پیسے مانگے مگر انکار پر دلبرداشتہ ہو کر اس نے خود کو کمرے میں قید کر لیا اور گلے میں پھندا ڈال کر پنکھے سے جھول گیا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں ایک شخص نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ نوشہرہ روڈ کا رہائشی 56 سالہ طاہر کچھ عرصہ سے ذہنی مریض تھا، گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ طاہر ایک بیٹی کا باپ تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن