سیکرٹری خارجہ کو نئی ذمہ داریاں مبارک ہوں
سیکرٹری خارجہ کو نئی ذمہ داریاں مبارک ہوں
چار ماہ کے بعد حکومت نے بالآخر خارجہ سیکرٹری جلیل عباس جیلانی کو امریکہ میں سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیراعظم میاں نواز شریف نے امریکہ میں سیاسی شخصیت کی بجائے کیرئر سفارتکار کو ترجیح دی۔
مئی 2013ءسے شیری رحمن کے استعفیٰ کے بعد امریکہ میں سفیر کا عہدہ خالی تھا جبکہ وہاں پر سارے معاملات ڈپٹی ہیڈ آف مشن اسد مجید چلا رہے تھے اب طویل مشاورت کے بعد سفیر کیلئے قرعہ سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کے نام نکلا ہے جنہوں نے بطور سیکرٹری خارجہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور دہشت گردی سمیت پاکستان کودر پیش تمام چیلنجوں سے دنیا کو آگاہ کیا اور پاکستان کا مو¿قف بہتر انداز میں پیش کیا۔ میاں نواز شریف نے سیاسی شخصیت کی بجائے کیرئر ڈپلومیٹ کو امریکہ جیسے ملک میں حساس مشن کیلئے نامزد کیا ہے جو کسی کیریئر ڈپلومیٹ پر حکومتی اعتماد کا اظہار ہے۔ جلیل عباس جیلانی کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اس حکومتی اعتماد پر پورا اترنا ہو گا۔وہ انتہائی مو¿ثر ڈپلومیٹ کے طور پر جانے جاتے ہیں ڈیڑھ ماہ بعد وہ امریکہ میں بطور سفیر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، ان کے کندھوں پر انتہائی بڑی ذمہ داری آ گئی ہے۔ امریکہ 2014ءمیں افغانستان سے واپس جانے کا اعلان کر چکا ہے جبکہ سیاسی جماعتوں نے اے پی سی میں طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت ہمارا ملک جن مسائل میں گھرا ہُوا ہے جلیل عباس جیلانی کو ان تمام مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکہ کے ساتھ سفارتی سطح پر بہتر تعلقات کیلئے راہ ہموار کرنے کی تمام کوششیں بروئے کار لانا ہونگی۔ جلیل عباس کو نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارک ہو۔ امید ہے کہ وہ ان نئی ذمہ داریوں کو بھی پہلے کی طرح خوش اسلوبی سے نبھائیں گے۔