صاف پانی کے میگا پراجیکٹ شروع کرنے میں سستی پر حمزہ شہباز کا اظہار برہمی
لاہور (فرخ سعید خواجہ) پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کے میگا پراجیکٹ کو شروع کرنے کی رفتار سست رہنے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پبلک افیئر یونٹ کے چیئرمین میاں حمزہ شہباز نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز 8 کلب روڈ پر اس سلسلے میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میاں حمزہ شہباز نے متعلقہ حکام کے اس موقف کو تسلیم نہیں کیا کہ چند ہفتوں کی تاخیر بلوچستان میں زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے حکومتی مشینری کی مصروفیت کی وجہ سے ہوئی۔ حمزہ شہباز شریف نے پنجاب کے 6 اضلاع میں فلٹریشن پلانٹ لگانے کا کام چار ہفتے میں مکمل کرنے کا ٹارگٹ دے دیا ہے۔ حکومت پنجاب نے 10 ارب روپے کی لاگت سے صوبے کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا میگا پراجیکٹ تیار کیا ہے جسے مکمل کرنے کی ذمہ داری وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پبلک افیئر یونٹ کے چیئرمین حمزہ شہباز شریف پر ڈالی ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ اس کام کو چیلنج سمجھ کر بروقت مکمل کروایا جائے۔ اس سلسلے میں جس کمپنی سے فلٹریشن پلانٹس لگوایا جائے گا 3 سال تک ان کی دیکھ بھال کی ذمہ دار بھی وہی کمپنی ہو گی۔ فلٹریشن پلانٹ لگانے کیلئے مقامات کی نشاندہی ممبران اسمبلی نے کی ہے۔ قبل ازیں مشرف دور میں اربوں روپے کی بیرونی امداد سے پنجاب میں فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے تھے لیکن اس وقت کی وفاقی حکومت کی غفلت کے باعث اربوں روپے کی رقم ضائع ہو گئی تھی اور منصوبہ بدعنوانیوں کا شکار ہو گیا تھا۔