• news

خاران: سکیورٹی فورسز سے جھڑپ‘ خاتون سمیت 2 جاں بحق‘ پشین اور پنجگور میں 4 افراد قتل

کوئٹہ، خاران (بیورو رپورٹ+ این این آئی) خاران میں سکیورٹی فورسز اور نامعلوم افراد کے درمیان فائرنگ سے ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے دو خواتین اور دو بچوں کو حراست میں لے لیا۔ اطلاعات کے مطابق خاران میں سکیورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران ایک گھر میں موجود مزاحمت کاروں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تین گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران جدید اسلحہ کے ساتھ ہینڈ گرنیڈ کا بھی استعمال کیا گیا۔ دریں اثناءپشین کے علاقے کربلا بائی پاس پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سیشن کورٹ پشیشن میں پیشی کے بعد واپس جانے والے 2 افراد محمد شاہ نور اور فیض الحق کو ہلاک کر دیا۔ ادھر پنجگور میں نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کر کے مرتضیٰ زہری اور رحمت اللہ کو ہلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں دشت کے علاقے میں نامعلوم افراد نے کراچی جانے والے پرائیویٹ کنٹینر کو نذر آتش کر دیا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عبدالمناف ترین کی بازیابی کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز جمعرات کو بھی بند رہیں جس سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈاکٹروں کی مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن