بے بنیاد بھارتی الزامات علاقائی امن کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھارتی فوجی قیادت کے بیانات خاص طور پر بھارتی آرمی چیف کے ان بیانات کو جن میں انہوں نے الزام لگایا ہے کہ دہشت گردوں کو فوج اور آئی ایس آئی کی حمایت حاصل ہے افسوسناک، بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان کو بھی بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر سخت تشویش ہے۔ لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے 2003ء میں پاکستان نے تجویز دی تھی جس سے بھارت نے اتفاق کیا تھا۔ سیز فائر کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ سے تحقیقات کرائی جائے۔ اس طرح کے الزامات لگانے کی بجائے بھارت کو پاکستان کی اس تجویز کا مثبت جواب دینا چاہئے جس سے پاکستان نے بھارت کو تجویز دی ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول کے واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائے۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے مگر اسے بہانہ بنا کر الزام تراشی کی جانی چاہئے اور نہ ہی بے بنیاد الزامات عائد کئے جانے چاہئیں جس سے علاقائی امن کے امکانات معدوم ہوں۔ جنرل کیانی نے کہا کہ پاک فوج وزیراعظم کی طرف سے امن کے قیام کے لئے کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ آرمی چیف نے یہ بات جی ایچ کیو میں فوجی افسروں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ آرمی چیف نے بھارتی قیادت کے الزامات پر ردعمل میں کہا کہ پاک فوج پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام اشتعال انگیز ہے۔ بھارت ایل او سی کی خلاف ورزیوں سے متعلق غیر جانبدارانہ تحقیقات کا جواب دے۔ پاک فوج صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ بے بنیاد الزامات علاقائی امن کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ پاک فوج حکومت پاکستان کی طرف سے امن اقدامات کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ بھارتی آرمی چیف کے پاک آرمی اور آئی ایس آئی پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ پاکستان کو ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، 2003ء میں سیزفائر کی پاکستانی تجویز پر دونوں ملک رضامند تھے۔ دریں اثناء جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملتان کے صحرائی علاقوں میں فیلڈ ایکسرسائز میں مصروف عمل کور اور ڈویژن سائز فارمیشنز کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے کور اور ڈویژن کی سطح پر دن اور رات کو دشمن پر حملے کی کارروائی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے فارمیشنز کی جنگی تیاری اور تربیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایکسرسائز میں مصروف عمل آفیسرز اور جوانوں کے ہائی مورال کو سراہا اور جنگی تیاری اور تربیت کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ آرمی فیلڈ ایکسرسائز ’’عزم نو سیریز وار گیم‘‘ جو کہ پچھلے تین یا چار سال سے جاری ہیں کے دوران بنائے جانے والی جنگی حکمت عملی کا عملی مظاہرہ ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے دورہ کے موقع پر کمانڈر ملتان کور لیفٹیننٹ جنرل عابد پرویز نے ایکسر سائز ایریا میں پہنچنے پر ان کا استقبال کیا اور وزٹ کے دوران ان کے ساتھ رہے۔ کمانڈر ملتان کور لیفیٹننٹ جنرل عابد پرویز نے دوران وزٹ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کو کور اور ڈویژن کی جنگی حکمت عملی اور حملے کی کارروائی کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی۔