عدالتوں نے ہاتھ پاﺅں باندھ رکھے ہیں کام کیسے کروں....پی سی بی معاملات مجھ سے بہتر کوئی نہیں چلا سکتا : نجم سیٹھی
عدالتوں نے ہاتھ پاﺅں باندھ رکھے ہیں کام کیسے کروں....پی سی بی معاملات مجھ سے بہتر کوئی نہیں چلا سکتا : نجم سیٹھی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی سی بی کے معاملات صرف میں ہی چلا سکتا ہوں، عدالت اور وزیراعظم پاکستان میری پوزیشن واضح کریں۔ ضیاءالحق نہیں بن رہا تین ماہ سے میرے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اگر ہاتھ کھول دیئے جائیں اور مکمل اختیارات دیئے جائیں تو کرکٹ میں بہتری لا سکتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار نگران چیئرمین پی سی بی نے قومی ویمن چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتئے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا کوئی کاونٹ ڈاون شروع نہیں ہوا ہے تمام معاملات عدالتوں میں پھنسے ہوئے ہیں ڈویژن بینچ بنتے ہی معاملات حل ہو جائیں گے۔ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے الیکشنز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ الیکٹورل کالج کے 30 فیصد لوگ ابھی منتخب ہی نہیں ہوئے جس کی وجہ ریجن کے معاملات عدالتوں میں گئے ہوئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ریجنل ایسوسی ایشن کے الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمشن سے مکمل تعاون کر رہا ہے لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہو رہا ہے۔ سیکرٹری پی سی بی کو اس کی مطلوبہ دستیاویزات فراہم کر دی گئی ہیں جس میں 68 افراد کے علاوہ بھی لوگ شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن ونگ کی چیئرپرسن بشریٰ اعتزاز کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ان کا عہدہ اکتوبر 2012ءکا ختم ہو چکا ہے تاہم ابھی پاور ریورس نہیں ہوئی ہیں، مجھے پاور ملنے تک وہی کام کرتی رہیں گی اس کے بعد دیکھیں گے کیا کرنا ہے۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اور پاکستان میں خواتین کرکٹرز کی پرموشن کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے ہمیشہ ویمن کرکٹ کی پرموشن کے لیئے اقدامات کیئے ہیں اور آئندہ بھی ویمن کرکٹ کے فروغ کے لئے ہرممکن تعاون کریں گے۔ ملالہ یوسف زئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ امن کا نوبل ایوارڈ ملالہ کو مل جاتا تو اچھا تھا لیکن اگر نہیں ملا تو بھی کوئی بات نہیں ملالہ ابھی بچی ہے اسے بہت سے کام کرنا ہیںاور ایورڈ حاصل کرنا ہیں۔