فاطمہ صغریٰ نے کمسنی سے ہی تحریک پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا
لاہور (خصوصی رپورٹر) فاطمہ صغریٰ تحریک پاکستان کی اُن نامور کارکنوں میں شامل تھیں جنہوں نے زمانہ کمسنی ہی میں اس جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا اور اپنا ایک مقام پیدا کیا۔ آپ نومبر 1931ءمیں نواں محلہ شاہ عالمی دروازہ لاہور میں پیدا ہوئیں اور کرسچین گرلز ہائی سکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ خضر وزارت کے خلاف جب مسلم لیگ کی جدوجہد اپنے عروج پر تھی، آپ اس وقت دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھیں۔ آپ نے تعلیمی نقصان کی پرواہ کئے بغیر اس تحریک میں حصہ لیا اور خواتین کے جلوسوں میں شرکت کرتیں۔ آپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ نے اس تحریک کے دوران سول سیکرٹریٹ سے یونین جیک اُتار کر دوپٹے سے بنا ہوا مسلم لیگ کا پرچم لہرایا۔ اب بطور یادگار قومی مینار پاکستان کے مین گیٹ کے بعد ایک اور گیٹ لگایا جا رہا ہے جس پہ یہ کہانی اور محترمہ فاطمہ صغریٰ گولڈ میڈلسٹ کی پاکستانی پرچم لگاتے ہوئے تصویر پینٹنگ کی صورت میں ہو گی۔