تحریک انصاف نے ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
لاہور (سپیشل رپورٹر + وقائع نگار خصوصی) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے قیام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے انہیں فوری طور پر کالعدم قرار دینے کی درخواست کر دی۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے ولید اقبال ایڈووکیٹ کی وساطت سے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے قیام کو چیلنج کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہم نے ان غیر آئینی کمیٹیوں کے خلاف الیکشن کمشن آف پاکستان سے بھی درخواست کی مگر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا جس کے بعد اب ہم نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ عدالت ان غیر آئینی کمیٹیوں کو کالعدم قرار دے گی کیونکہ پنجاب حکومت ان کمیٹیوں کے ذریعے اپنی من مانی کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لئے حلقہ بندیاں کر رہی ہے۔ کمیٹیوں کا قیام بلدیاتی انتخابات کے لئے (ن) لیگ کی پری پول دھاندلی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ حکومت کمیٹیوں کو بھاری فنڈز بھی فراہم کر رہی ہے۔ جس کا مقصد آنے والے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کرنا ہے۔ حکومتی وسائل کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کا یہ اقدام آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ وہ ان کمیٹیوں کے قیام کو کالعدم قرار دے۔