• news

کراچی: مارکیٹ پر بھتہ خوروں کا دستی بم حملہ‘ اورنگی میں فائرنگ‘ متحدہ کا رہنما قتل

کراچی (نوائے وقت نیوز + این این آئی) رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سمیت 20 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ بھتہ نہ دینے پر نامعلوم افراد نے مارکیٹ پر دستی بم سے حملہ کر کے 2 افراد کو زخمی کردیا۔ ترجمان رینجرز نے کہا ہے رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں۔ ان میں نیو کراچی، قصبہ کالونی، جیکب لائن، ایف سی ایریا، اورنگی ٹاﺅن سیکٹر ون سی، رنچھوڑ لائن، عثمان آباد، بہار کالونی، کورنگی نمبر 5، نارتھ کراچی سیکٹر 11 ڈی، محمد نگر، حسین ہزارہ گوٹھ اور سرجانی ٹاﺅن سیکٹر 5 میں شامل ہے۔ دریں اثناءکورنگی، چمڑا چورنگی کے قریب بھتہ خوروں نے پیسے نہ دینے پر دستی بم دکانوں پر پھینک دیا جس سے پنکچر کی ایک دکان تباہ، دو افراد زخمی ہو گئے۔ دستی بم حملے سے قریبی بنک اور تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثناءاورنگی ٹاﺅن نمبر 5 میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے مقامی سابق یوسی ناظم وقار احمد ہلاک ہو گیا۔ ادھر گھارو کے علاقہ سلطان آباد میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو کو لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے گشت کے دوران روکنے پر ڈاکوﺅں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔ لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن