حکومت کو طالبان سے مذاکرات میں امریکہ کی ناراضی آڑے آ رہی ہے: مولانا احمد لدھیانوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ امریکی اتحادی بننے سے پاکستان بند گلی پہنچ گیا، حکومت طالبان سے مذاکرات چاہتی ہے لیکن امریکہ کی ناراضی آڑے آ رہی ہے، عالمی انصاف کا علمبردار پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، حالیہ دھماکے مذاکرات ناکام بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، حکومت امریکی مفادات کے بجائے قومی و ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرے، ڈرون حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والی ملالائیں ہی قوم کی ہیرو ہیں۔ گذشتہ روز بیان میں انہوں نے کہاکہ ظالم ڈکٹیٹر کی ملک دشمن پالیسیوں پرائی جنگ کو اپنے ہی گھر میں لے آئے، امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے ملک کی آزادی و خودمختاری کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، وہی ڈرون حملے ملک کے قیام امن میں رکاوٹ بن چکے ہیں، دہشت گردی نے ملک کی معیشت کو تباہ اور قوم کو بھوک و افلاس کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور کر دیا ہے، جبکہ ہمارے حکمران امریکی مفادات سے پہلو تہی اختیار کرنے کو تیار نہیں۔