واپڈا ناسور بن گیا، افسر خود بجلی چوری میں ملوث ہیں: پرویز خٹک
پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خان خٹک نے کہا ہے وا پڈا عجیب مافیا بن گیا ہے، واپڈا کے افسر خود بجلی چوری کے واقعات میں ملوث ہیں، واپڈا کا قبلہ درست کرنے کےلئے تمام ارکان اسمبلی کو متحد ہوکر ایک آواز ہونا پڑے گا، واپڈا والے ناجائز اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور عوامی فیڈروں کی بندش کا سلسلہ ختم کرے، صوبہ میں جہاں کہیں بلاضرورت اور ناجائز طریقے سے بجلی کے فیڈر بند کرکے عوام کو تڑپایا جائے وہاں کے ممبران اسمبلی مجھے نشاندہی کریں۔ جب ایکسین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ بلاوجہ فیڈروں کی بندش پر گرفتار ہو کر حوالات جائیں گے تو مسائل ٹھیک ٹھاک ہوجائیں گے۔ وہ جمعہ کے روز وقفہ سے قبل ایوان میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں جائز لوڈشیڈنگ قبول ہے، ناجائز لوڈشیڈنگ قبول نہیں کرینگے۔