آڑھتی کا قتل: لیگی ایم این اے اظہر قیوم ناہرہ، والد اور 2بھائیوں پر فرد جرم عائد
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ کی عدالت نے چاولوں کے بیوپاری کے قتل کیس میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے اسکے دو بھائیوں، والد اور گن مین پر فردجرم عائد کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج عاقب نذیر نے تھانہ نوشہرہ ورکا ں میں افتخار قتل کیس کے استغاثہ میں ملزمان این اے 100 سے ایم این اے اظہر قیوم ناہرہ، ان کے بھائیوں سابق ایم این اے مدثر قیوم ناہرہ، مظہر قیوم ناہرہ انکے والد سلطان اور گن مین غضنفر پر فردجرم عائد کرتے ہوئے کیس کی سماعت25 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔ واضح رہے ملزمان کو آڑھتی افتخار کیس میں پولیس نے تفتیش کے بعد بے گناہ کر دیا تھا جس کی بناءپر عدالت نے ملزمان کو بری کر دیا تھا۔ مقدمہ کے مدعی ریاست علی کی وفات کے بعد مقتول افتخار کے بھائی فیاض احمد نے ایڈیشنل سیشن جج عاقب نذیر کی عدالت میں ملزمان کیخلاف استغاثہ دائر کر رکھا تھا ۔