• news

پاکستان، بھارت کشمیر پر پیشقدمی کریں تو تعاون پر تیار ہیں: میر واعظ

سرینگر(کے پی آئی)چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس(ع) میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ اگرپاکستان اور بھارت کی قیادت سنجیدگی کے ساتھ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات میں پیش قدمی کرتی ہے تو حریت اپنا بھر پور تعاون دینے کیلئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کی صورتحال سے کشمیر کے ساتھ ساتھ پورے خطے پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، لہذا تنازعہ کشمیر کو حل کرنا گزیر بن گیا ہے۔میرواعظ نے حضرت شیخ العالم کے آستانہ عالیہ چرا ر شریف میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور سرحدوں پر جو کچھ ہو رہا ہے ،اس سے کشمیر براہ راست متاثر ہوتا ہے اور اسکے منفی اثرات نہ صرف کشمیری عوام پر پڑتے ہیں بلکہ پورا خطہ اثر پذیر ہوتا ہے اور دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین کشیدہ حالات اور واقعات کے سبب جنوبی ایشیائی خطہ بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا ، اس لئے دیرینہ مسئلہ کشمیر کو پر امن اور جامع مذاکرات کے ذریعے حل کرنا انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اور انسانیت کا تقاضہ ہے کہ خطہ میں قیام امن کیلئے کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق اس سنگین مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے ۔میرواعظ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی ہیئت جو1947ء میں تھی، وہی آج بھی ہے اور جموںوکشمیر میں کرائے گئے کوئی بھی انتخابی عمل اسکی ہیئت اور متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتی ۔

ای پیپر-دی نیشن