سیز فائر کی خلاف ورزی پر سخت جواب دیں گے: اے کے انتھونی ‘ نواز ‘ منموہن میں مذاکرات شروع کرنے کا سمجھوتہ نہیں ہوا: سلمان خورشید
سرینگر/ نئی دہلی ( اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا بھرپور اور موثر جواب دینگے اور لائن آف کنٹرول پر مجاہدین کی طرف سے دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بکرم سنگھ نے وزیر دفاع کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر دفاع نے فوجی سربراہ کو اس بات کی بھی ہدایت دی کہ دراندازی کی موثر روک تھام اور سیز فائرکی خلاف ورزی کا موثر جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست خاص کر وادی کشمیر میں سرگرم مجاہدین کےخلاف جاری آپریشن میں تیزی لائی جائے۔ دریں اثناءبھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوبارہ مذاکرات کے آغاز کیلئے ماحول ساز گار نہیں۔ لائن آف کنٹرول پر حالیہ کشیدگی کے باعث تعلقات معمول پر آنے کے بھی فوری امکانات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ جلد ہمارے سیاسی رہنماءدو طرفہ مذاکرات کی بحالی کیلئے راہیں ہموار کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے تعلقات کی بہتری کے عندیہ پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ سلمان خورشید نے کہا کہ بھارت اور پاکستان اس موڑ پر نہیں پہنچے کہ مذاکرات دوبارہ شروع کئے جاسکیں۔ ایسے اقدامات کئے ہیں کہ جامع مذاکرات مرحلہ وار شروع کئے جاسکیں۔ وزراءاعظم ملاقات میں مذاکرات شروع کرنے کے لئے سمجھوتہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نہیں پتا کہ مذاکرات کا اگلا دور کب اور کہاں ہوگا؟