• news
  • image

بیٹنگ آرڈر مسئلہ نہیں‘ پہلی ترجیح ٹیم کیلئے پرفارم کرنا ہے : آفریدی

بیٹنگ آرڈر مسئلہ نہیں‘ پہلی ترجیح ٹیم کیلئے پرفارم کرنا ہے : آفریدی

لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کےخلاف ونڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری سکور کرنا چاہتا ہوں، لیکن ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے یہ ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا ،بیٹنگ آرڈر میرا مسئلہ نہیں بلکہ کپتان اور کوچز کا فیصلہ ہے، میری پہلی ترجیح ٹیم کےلئے پرفارم کرنا ہے، پاکستان حریف ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے ،یو اے ای کی کنڈیشنز سے مکمل آگاہی کے بعد گرین شرٹس کے پاس خراب کھیلنے کا کوئی جواز نہیں رہتا، یو اے ای کی کنڈیشنز اور پچز ہمارے لئے موزوں ہیں، ہاشم آملہ، اے بی ڈی ویلیئرز اور کیلس کی موجودگی میں جنوبی افریقہ بہت مضبوط ٹیم نظر آتی ہے۔ ڈی ویلیئرز نے انڈین پریمیر لیگ کھیل کر اسپنرز کے خلاف اپنی بیٹنگ کو بہتر بنایا ہے، لہذا وہ اس سیریز میں انتہائی خطرناک ثابت ہونگے۔ایک انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں اب بھی اپنے کھیل سے لطف اندوزہو رہا ہوں، اتنے طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی پر مجھے فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کرٹلی امبروز، کورٹنی واش اور ان جیسے کئی دوسرے کھلاڑیوں کا سامنا کیا اور ٹیم کی کپتانی بھی کی ، شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر میں کئی کوچز کےساتھ کام کیا، تاہم سب سے زیادہ باب وولمر نے متاثر کیا۔وہ سب باصلاحیت اور مطلوبہ تجربے کے حامل تھے، شاہد آفریدی نے مصباح الحق کی کپتانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مصباح نے حالیہ کچھ سالوں میں مشکل حالات کے اندر اپنی بہترین انفرادی کارکردگی کی بدولت پاکستان کےلئے کئی میچ جیتے۔ تاہم انہیں چاہیے کہ وہ غلط شاٹس کھیل کر اپنی وکٹیں گنوانے والے بیٹسمینوں اور کھیل کے دوران غلطیاں کرنےوالوں کےساتھ سختی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں دنیا بھر سے سٹار کھلاڑیوں کے کھیلنے سے بھارت کو اپنا کرکٹ ڈھانچہ مزید مضبوط کرنے کا موقع ملا۔ اب بھارت کھلاڑیوں کے موجودہ پول سے تین قومی ٹیمیں بنانے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے۔ ہمیں بھی اپنا ڈومیسٹک ڈھانچہ بہتر بنانا ہو گا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن