• news

50 حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات سے دوبارہ گنتی کرائی جائے: طاہر القادری

لاہور (این این آئی) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ملک بھر میں پچاس حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں سامنے آنےوالی بے ضابطگیوں کے بعد عام انتخابات کی کیا کریڈیبلٹی اور آئینی و قانونی حیثیت ہیں۔ 11 مئی کے انتخابات انقلاب کو سپورٹ کریں گے اور استحصالی نظام سے چھٹکارے کےلئے اب انتخاب کی بجائے انقلاب کا مطالبہ ہوگا۔ اپنی حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں جس سے پیشگی آگاہ نہیں کرسکتا لیکن یہ سو فیصد کامیاب ہوگی‘ ہم کسی سیاسی و مذہبی جماعت پر تکیہ نہیں کریں گے، اگر کوئی اپنی غلطی کی تلافی کرنا چاہتا ہے تو میں انہیں آج سے ہی اپنی جدوجہد میں شریک ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔ ایک انٹرویو میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں نے عام انتخابات کے انعقاد سے قبل جو باتیں کہیں تھیں وہ سچ ثابت ہوئیں اور انتخابات میں حصہ لینے والے بھی اسکا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت کے نام پر شہنشائیت قائم ہے اور چند خاندان اپنی آنیوالی نسلوں کو سو سال کا معاشی تحفظ دینے کےلئے انتظامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا چیئرمین بھی مک مکا کے ذریعے بنایا گیا ہے اوراس کےلئے ایسے شخص کا چناﺅ کیا گیا ہے جو سب کا منظور نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران نجکاری کے نام پر قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانا چاہتے ہیں ان کو خریدنے کےلئے فرنٹ پر کوئی اور ہوگا لیکن اسکے پیچھے اصل کھلاڑی یہی حکمران ہوں گے۔ میرا قوم کو پیغام ہے کہ انقلاب کیلئے تیار ہو جائے۔

ای پیپر-دی نیشن