• news

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹ کا حق 28 اکتوبر کو مسودہ سینٹ میں پیش کیا جائیگا

اسلام آباد (آن لائن) عام انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینے کے لئے قانونی مسودہ ایوان بالا کے 28 اکتوبر کو شروع ہونے والے اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے حکومت نے مکمل تیاری کر لی ہے اور اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو رائے دہی کا حق دینے کے لئے سپریم کورٹ کے حکم پر سابق صدر آصف علی زرداری نے آرڈیننس جاری کیا تھا۔ 9 مئی2013 ءکو آرڈیننس نمبر 2013-14 ءمیں جاری کیا گیا دفعہ ایک کی ذیلی دفعہ 2 کے مطابق آرڈیننس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری گزٹ میں دی گئی تاریخ پر عمل ہونا تھا لیکن چونکہ عام انتخابات 11 مئی 2013 کو ہونے جارہے تھے اس لئے الیکشن کمیشن نے تاریخ کو نوٹیفائی کرنا مناسب نہ سمجھا ۔مذکورہ بالاآرڈیننس کو اب سینٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا اور سینٹ سے منظوری کے بعد اسے قومی اسمبلی میں بھی بھیجا جائیگا جہاں سے منظوری کے بعد سمندر پار پاکستانیوں کو حق رائے دہی مل جائے گا اور وہ ملک میں آئندہ ہونے والے ہر قسم کے انتخابات میں بھی حصہ لے سکیں گے۔ سمندر پار پاکستانیوں نے حکومت کے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن