3 سال میں مالیاتی خسارے کو 4 فیصد تک کم کر دیا جائیگا: اسحق ڈار
واشنگٹن (این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پہلے مرحلے میں چار ارب ڈالر لاگت آئیگی، 2200 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، امید ہے عالمی بنک انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اسسٹنس کے تحت 1.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 50 سے زائد معاشی ماہرین، تاجر رہنمائوں، بنکاروں اور عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہاں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ تین سال کے دوران سرمایہ کاری کی موجودہ شرح کو جی ڈی پی کے 20 فیصد تک لائیں گے۔ علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف آئند ماہ واشنگٹن میں تاجر رہنمائوں سے ملاقاتیں کرینگے۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے حکومت کو توانائی، ترقیاتی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی جلد تکمیل میں مدد ملے گی، چند میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، مستقبل میں پائیدار ترقی کے مزید اہداف حاصل کئے جائیں گے۔ مالیاتی خسارہ کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ تین سال کے دوران مالیاتی خسارے کو چار فیصد تک کم کیا جائیگا جو اس وقت 8.2 فیصد ہے۔ ہم حکومت محصولات میں اضافہ کیلئے ٹیکس وصولیوں میں 28 فیصد اضافہ کریں گے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی سفارشات کی روشنی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے فیڈرل ورکرز ویلفیئر بورڈ سے ایک ارب 23کروڑروپے کی رقم صوبہ پنجاب کے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کو منتقل کر دی ہے۔ راجہ اشفاق سرور نے گزشتہ دنوں بذریعہ خط وفاقی وزیر خزانہ کو صوبہ پنجاب کے فیکٹری ورکرز ومزدوروں کی اموات، ان کے بچوں کی شادی بیاہ، تعلیمی وظائف و دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں فنڈز کی کمی، دیگر مسائل اور 18ویں ترمیم کے بعد ورکرز ویلفیئر بورڈ کے فنڈز اور وسائل کی صوبائی حکومتوں کو منتقلی کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔