• news

پاکستان میں ہماری عبادتگاہیں محفوظ، دیکھ بھال کے اچھے انتظامات ہیں: گورمیت سنگھ رانا

ننکانہ صاحب (نامہ نگار)حکومت پاکستان کی طرف سے گوردواروں کے حوالے سے کئے جانیوالے انتظامات قابل تحسین ہیں، بہت جلد وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف انڈیا کا دورہ کریںگے۔ اٹاری اور واہگہ بارڈر کی طرح حسینی والا اور گنڈا سنگھ بارڈر بھی دونوں ملکوں کے عوام کلئے کھول دیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار بھارتی پنجاب اسمبلی کے رکن سردار رانا گورمیت سنگھ ڈوڈھی اور انڈین فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سردار گورمیت سنگھ کگھی نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا مشکور ہوں کہ جن کے باعث پاکستان میں موجود ہماری مذہبی عبادتگاہیں محفوظ ہیں اور ان کی دیکھ بھال کے لیے انتے اچھے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں ہے جب ہم سب ایک بار پھر ایک ہونگے اور ایسا بہت جلد ہونے والا ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ دونوں ملکوں کیلئے بہت فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات رائیونڈ فارم ہائوس پر وزیراعظم میاں نوازشریف سے میری ملاقات ہوئی، میں نے انہیں انڈیا کے دورہ کی دعوت بھی دی ہے جس، انہوں نے قبول کر لیا ہے اور وہ بہت جلد انڈیا کا دورہ کریں گے۔ ملاقات میں ان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اٹاری اور واہگہ بارڈر کی طرح حسینی والا اور گنڈا سنگھ بارڈر کو بھی تجارت کیلئے کھول دیا جائے جس پر وزیر اعظم پاکستان نے اس بات کی یقینی دہانی کروائی ہے کہ آپ اپنی حکومت سے بات کر لیں حکومت پاکستان اس کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں انڈیا حکومت کو ننکانہ صاحب میں رہنے والی سکھ کمیونٹی کو درپیش ویزوں کے سلسلہ مسائل کو کم کرنے کیلئے بھی کہوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن