• news

بلدیاتی الیکشن، حلقہ بندیوں کے خلاف ہم بھی عدالت جا رہے ہیں: خورشید شاہ

اوکاڑہ ( نامہ نگار ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جماعتی ہوں یا غیر جماعتی الیکشن  پیپلز پارٹی نے ہر صورت لڑنے ہیںتاہم غیر جماعتی الیکشن ثابت کر دیں گے کہ میثاق جمہوریت پر دستخط کے باوجود مسلم لیگ ن پر اب بھی جنرل ضیاء کی سوچ حاوی ہے۔ حکومت مخا لف جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں نیب کے چیئر مین کے حوالہ سے تحریک انصاف کے گلے شکوے کو اختلاف کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ وہ گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر و پیپلز پارٹی اوکاڑہ کے صدر اشر ف سوہنا کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔سید خورشید احمد شاہ نے کہاہے کہ اگر مسلم لیگ ن کے اختیار میں ہوتا تو وہ عام انتخابات بھی غیر جماعتی کرواتی حالیہ مینڈیٹ کی طرح ’’بھاری مینڈیٹ‘‘ حاصل کر کے سب جیتے ہوئوں کو مسلم لیگ ن میں شامل کر لیتی اور ’’چند وفاداروں‘‘کو اپوزیشن بنچوں پر بٹھا کر جمہوریت کا راگ الاپتی انہوں نے کہا ہے کہ وہ کیسی سیاسی جماعت ہے جو بلدیاتی الیکشن غیر جماعتی کروانے پر اپنی توانائیاں صرف کر رہی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں بلدیاتی حلقہ بندیوں پر اعتراض ہی نہیں بلکہ یہ جمہوریت کی بنیادی روح کے خلاف اور پری پول رگنگ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعد پیپلز پارٹی بھی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف عدالت میں جا رہی ہے۔ ہمارا مقصد بلدیاتی الیکشن رکوانا نہیں بلکہ ایسی حلقہ بندیاں کروانا ہے جو سب کے لئے قابل قبول ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن