لاہور میں 6 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ، بجلی کا خسارہ 3900 میگاواٹ رہا
لاہور (نیوز رپورٹر) بجلی کے نظام میں خسارہ 39 سو میگاواٹ رہا۔ اتوار والے روز لاہور کے بعض علاقوں میں 10 گھنٹے جبکہ بعض علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ چھٹی والے دن ٹرپنگ بھی ہوتی رہی جس کی وجہ سے اقبال ٹائون، گلشن بلاک، نیلم بلاک، مصری شاہ، سمن آباد، پکی ٹھٹھی اور دیگر علاقوں سے قارئین نے فون کرکے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ خواتین نے کہا بجلی کے وولٹیج ڈراپ ہونے سے الیکٹرانکس اشیا جلنا معمول بن گیا ہے۔ لیسکو افسران اس بارے میں کچھ کرنے کو تیار نہیں۔ اس بارے میں آپریشن ڈائریکٹر لیسکو عبدالرحمان نے کہا جن علاقوں میں بجلی کی ٹرپنگ کا مسئلہ ہے اس کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس لئے تعمیراتی کاموں کے سلسلے میں کثیر رقم رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا موسم میں بہتری آنے کے باعث لوڈشیڈنگ کم سے کم کی جا رہی ہے۔